لاہور(نیوز ڈیسک )سکول ایجوکیشن کی متعدد ڈیڈ لائنز کے باوجود ہزاروں اساتذہ مقررہ تاریخ تک پروفیشنل ڈگری حاصل نہ کر سکے، متعلقہ اساتذہ کو نوکریوں سے فارغ کیے جانے کے امکان پر اساتذہ کی جانب سے احتجاج کی دھمکی دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اساتذہ کا بھرتی کے بعد
پروفیشنل ڈگری حاصل نہ کرنے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے، سکول ایجوکیشن کی متعدد ڈیڈلائنز کے باوجود صوبہ بھر کے ہزاروں اساتذہ پروفیشنل ڈگری بی ایڈ مکمل نہ کر سکے، مقررہ ڈیڈلائن تک پروفیشنل ڈگری بی ایڈ حاصل نہ کرنے والے ہزاروں اساتذہ کو نوکریوں سے فارغ کیے جانے کا امکان تھا۔ اساتذہ کے احتجاج کی دھمکی پر محکمہ تعلیم نے ڈیڈ لائن میں توسیع کے لئے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ارسال کر دی ہے، نئی سمری کے مطابق ایک سال کی توسیع ملنے کے بعد اساتذہ کو مستقل ہونے کے لئے مقررہ وقت میں پروفیشنل ڈگری بی ایڈ کرنا لازمی ہو گا، ایک سال کی توسیع ملنے کے باوجود بی ایڈ نہ کرنے والے اساتذہ کو نوکری سے فارغ کر دیا جائے گا، یاد رہے کہ بی ایڈ کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ اساتذہ کے احتجاج کی دھمکی کی وجہ سے کیا گیا ہے۔