انا اللہ و اناالیہ راجعون،پاکستان کی مشہور اداکارہ انتقال کر گئیں
کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ و گلوکارہ عارفہ صدیقی کی والدہ طلعت صدیقی انتقال کرگئیں،اداکارہ طلعت صدیقی پاکستان کی معروف گلوکارہ فریحہ پرویز کی خالہ اور اداکارہ عارفہ صدیقی کی والدہ تھیں۔ فریحہ پرویز نے سوشل میڈیا پر طلعت صدیقی کے انتقال کی افسوسناک خبر شیئر کی اور کہا کہ میری خالہ طلعت صدیقی صاحبہ اپنے خالق حقیقی سے جاملیں۔ اللہ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔اداکارہ طلعت صدیقی پاکستانی فلموں کے سنہرے دور کی ایک ناقابل فراموش اداکارہ تھیں جو اپنی پروقار شخصیت، دھیمے لہجے اور مخصوص آواز کے لیے الگ پہچان رکھتی تھیں۔ طلعت صدیقی نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو پاکستان کراچی سے کیا تھا۔ ان کی پہلی فلم ”ہمیں بھی جینے دو”(1963) تھی جس میں بطور گلوکارہ متعارف ہوئیں۔ جب کہ بطور اداکارہ پہلی فلم ”میخانہ”(1964) تھی۔ طلعت صدیقی نے 70 کے قریب فلموں میں کام کیا لیکن کسی فلم میں وہ روایتی ہیروئن کے طور پر نظر نہیں آئیں۔طلعت صدیقی کی دو بیٹیاں تھیں جن میں ناہید صدیقی، ایک نامور کتھک ڈانسر اور ضیائ محی الدین کی بیوی جب کہ دوسری بیٹی عارفہ صدیقی، بطور گلوکارہ اور اداکارہ ٹی وی سے فلم تک آئیں لیکن کامیاب نہیں ہوئیں۔ انہوں نے موسیقار نذر حسین سے شادی کی تھی۔ اداکارہ طلعت صدیقی کی ایک بہن ریحانہ صدیقی بھی کئی فلموں میں معاون اداکارہ کے طو پر نظر آچکی ہیں۔