اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ایران میں سرکاری ٹی وی نے اپنے ایک سماجی پروگرام میں خاتون مہمان کی جانب سے کی جانے والی گفتگو پر فوری طور پر معذرت پیش کی ہے۔ خاندانی امور کی ماہر خاتون نے ایک پروگرام میں ازد واجی تعلقا ت کی اصلاح پر روشنی ڈالتے ہوئے بیویوں کو نصیحت
کی تھی۔ کہ وہ گرم پانی سے اپنے شوہروں کے پاؤں کو دھو ئیں اور پھر ان کے پاں کو بو سہ دیں۔ مہمان خاتون کی اس بات کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مذکورہ “مذہبی خاتون شخصیت” نے یزد صوبے کے ٹیلی وڑن پر پروگرام کے دوران خواتین کو نصیحت کی کہ “وہ برتن میں دودھ اور گلاب لے کر اس سے اپنے شوہروں کے پاؤں کو دھوئیں ، ان کا مساج کریں اور پھر دونوں پاؤں کو بو سہ دیں۔ اس عمل سے ازدوا جی تعلق مضبوط کرنے اور دل میں گھر کرنے کے حوالے سے بہت فائدہ ہو گا”۔خاتون کا مزید کہنا تھا کہ “ایسا کرنے کے بعد آپ تقریبا ایک ماہ تک محبّت کے مظہر اور تناؤ میں کمی ملاحظہ کریں گی اور مسائل بھی آپ سے دور رہیں گے”۔خاتون مہمان کے مطابق “یہاں تک کہ اگر کسی کا شوہر منشیا ت کا عادی بھی ہے تو وہ اس عمل کو کرے اور پھر اپنی زندگی میں ہی معجزہ دیکھ لے”۔پروگرام نشر ہونے کے بعد شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شدید ردود عمل سامنے آئے۔ اس مہم نے سرکاری ٹی وی کو سرکاری طور پر معذرت پیش کرنے پر مجبور کر دیا۔ ٹی وی انتظامیہ نے ایک بیان میں شہریوں سے وعدہ کیا ہے کہ آئندہ سماجی امور کے پروگراموں کو پیش کرتے ہوئے اس کے مواد کا خاص خیال رکھا جائے گا تا کہ خواتین کے جذبات کو مجروح ہونے سے بچایا جا سکے۔