اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو کے ہونے والے دلہا کا تعلق لاہور کی ارائیں برادری سے ہے، ان کی آبائی رہائش اندرون اک موریا پل(متصل) فاروق گنج میں تھی ، روزنامہ پاکستان میں
چوہدری خادم حسین کی شائع خبر کے مطابق منگیتر محمود چوہدری کے والد دبئی میں مقیم اور کاروباری شخصیت یونس چوہدری ہیں، اس خاندان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، نسبت پسند اور دونوں خاندانوں کی تحقیق اور مرضی سے طے پائی ہے، جس کے مطابق منگنی کی تقریب بلاول ہائوس کراچی میں 27نومبر کو ہو گی۔ باقی رسومات جن میں تیل و مہندی، نکاح اور رخصتی شامل ہے۔ محترمہ بے نظیربھٹو کا یوم شہادت گذر جانے کے بعد رکھی گئی ہیں، محترمہ کی شہادت 27دسمبر 2007 کو لیاقت باغ راولپنڈی میں ہوئی تھی، چنانچہ تیل مہندی 15جنوری، رسم نکاح 19جنوری اور رخصتی 20جنوری2021 کو ہو گی۔دلہا کی فیملی دبئی سے کراچی آئے گی اور متعدد قریبی رشتہ دار لاہور سے جا کر شرکت کرینگے۔ بختاور کے ہونے والے سسرال خصوصاًسسر کے بارے میں ایک اور غلط خبر کی وضاحت بھی ضروری ہے جو گردش کر رہی ہے کہ سسر یونس چوہدری قادیانی اور ان کا آئل کا کاروبار ہیں، یہ حضرت دوسرے ہیں، جو امریکہ میں مقیم اور قادیانی ہیں، جبکہ یونس چوہدری دوبئی میں کاروبار کرتے، فیملی راسخ العقیدہ مسلمان (حنفی) ہے اور آبائی تعلق لاہور شہر سے ہے۔اس تقریب کی نوید سے قبل یہ اطلاع تھی کہ بلاول بھٹو زرداری کے لئے لڑکی پسند کر لی گئی ہے اور ان کی نسبت اور دیگر امور دسمبر میں محترمہ کی برسی کے بعد طے پائیں گے۔ لیکن مشرقی روایات کے مطابق بڑے بھائی سے بھی پہلے چھوٹی بہن جو چھوٹی سے بڑی اور درمیان والی ہے، بیاہی جا رہی ہے۔ اب باری غالباً بلاول کی ہو گی کہ آصفہ کے لئے کچھ تاخیر ہو جائے گی، آصفہ کو بڑی بہن کی نسبت سیاست سے زیادہ دلچسپی ہے، اسی لئے وہ مطالعہ کرتی اور اردو سیکھ رہی ہیں۔