لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی ایک اہم کامیابی حاصل کر لی ہے۔پاکستان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کارکن منتخب ہو کر اہم سفارتی کامیابی حاصل کرلی ۔ میڈ یا رپورٹس کے مطابق پاکستان بھاری اکثریت سے آئندہ تین سال کے لیے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا
رکن منتخب ہو گیا۔ پاکستان نے اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں ریکارڈ ووٹ حاصل کیے اور ایشیا پیسفک ریجن میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والا ملک بن گیا۔پاکستان کل 191سے169ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا جبکہ سعودی عرب انسانی حقوق کونسل کا رکن نہ بن سکا۔واضح رہے کہ 4 نشستوں کے لیے 5 ممالک کا مقابلہ تھا، چین، پاکستان، نیپال، ازبکستان، سعودی عرب کے لیے ووٹنگ کی گئی تھی، پاکستان 2018 سے 2020 تک انسانی حقوق کونسل ممبر رہا ہے، پاکستان نے 2020 سے 2023 کے لیے انتخابات میں حصہ لیا۔ خیال رہے کہ انسانی حقوق کونسل اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کی اہم کونسل ہے، پاکستان ، چین ، نیپال ، ازبکستان یہ نشستیں حاصل کرسکے ہیں جبکہ سعودی عرب نشست حاصل نہیں کرسکا۔اس موقع پر اظہار مسرت کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اتنی کثیر تعداد میں ووٹوں کا ملنا، عالمی سطح پر پاکستان کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے، پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور انسانی حقوق کی پاسداری کیلئے آواز بلند کی ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ پاکستان کا انسانی حقوق کونسل کا رکن بننا بڑی کامیابی ہے، انسانی حقوق کونسل میں کشمیر کیلئے آواز بلند کریں گے، بھارت یو این سلامتی کونسل کی قراردادوں کا پابند ہے، دنیا میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا مقبوضہ کشمیر کو بے پناہ چیلنجز درپیش ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو بے دردی سے کچلا جا رہا ہے، بھارت نے کشمیریوں کو 15 ماہ سے محصور کر رکھا ہے۔