اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) تازہ ترین خبر کے مطابق پاکستان بھر میں رواں ہفتے کے دوران 17اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 13اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔ 21اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔محکمہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر گزشتہ ہفتے مہنگائی
میں 0.23فیصد کمی ہوئی ‘پچھلے کچھ ہفتوں سے مہنگائی میں مسلسل کمی آ رہی ہے ۔ جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں مرغی کی قیمت میں 10.57، انڈے 3.23 ، کیلے 2.40، ویجیٹیبل گھی 1.07، ڈیزل 3.92اور ایندھن کی قیمت میں 1.08فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،جن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں ٹماٹر10.78 ، پیاز 8.15 ، آلو 7.81 ، چینی 7.56 ، گڑ 1.39 ، لہسن 1.22، آٹا 0.38، دال چنا اور دال مسورکی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ، مرغی کی قیمت 216روپے فی کلوگرام سے بڑھ کر 238، ڈیزل 102روپے فی لٹر سے 106 ، انڈے 178روپے فی درجن سے 182روپے فی درجن ہوگئے ، جبکہ ٹماٹر 133روپے فی کلوگرام سے کم ہو کر 119 ، پیاز68روپے سے 62، آلو80سے 73، چینی 94روپے فی کلوگرام سے کم ہو کر 87 اورآٹے کا تھیلا 20کلوگرام 979روپے سے 975روپے ہوگیا ،تین دسمبر کو ختم ہونیوالے ہفتے میں گزشتہ سال اس ہفتے کے لحاظ سے مہنگائی کی شرح 8.14فیصد رہی .گزشتہ برس کے مقابلے میں جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،ا ن میں انڈے ، آلو ، چینی ، صابن ، دال ماش ، دال مونگ ، گھی ، دال مسور ، بریڈ ، سرسوں کا تیل ، گڑ کی قیمت میں اضافہ ہو ا جبکہ ٹماٹر ، پیاز، لہسن ، ڈیزل ، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔