پشاور(نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا اسمبلی نے بچوں کے اسکول بیگز کے وزن کی حد مقرر کر دی، خلاف ورزی کرنے والے اسکول پرنسپلز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کے پی اسمبلی نے اسکول بیگز لیمی ٹیشن آف ویٹ بل2020 کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت بچوں کے
اسکول بیگز کا وزن ان کی جماعت کے مطابق ہوگا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکٹ کے تحت ہر کلاس کے لئے الگ الگ بیگ کے وزن کا تعین کیا گیا ہے ، پہلی جماعت کے بچوں کے لئے بیگ کا وزن 2.4 کلوگرام ہوگا، اور جماعت دوئم کیلئے2.6 کلوگرام وزن مقرر کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ منثور شدہ بل کے مطابق تیسری جماعت کیلئے3 کلو گرام وزن مقرر جبکہ ہائی سیکنڈری کے طلبہ کے لئے بیگ کا وزن 7کلو گرام تک ہوگا ۔ بل میں مزید کہا گیا ہے کہ اسکول بیگ میں زائد وزن پر صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں کے پرنسپلز کیخلاف سخت تادیبی کارروائی ہوگی اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں پر2لاکھ روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔