نیوز ڈیسک ! متحدہ عرب امارت کی ایک عدالت نے ایک بیوی کو بغیر اجازت شوہر کا موبائل فون چیک کرنے پر تین ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ایک شخص، جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، نے اپنی بیوی پر الزام لگایا تھا کہ اس کی بیوی اس کے سوتے ہوئے اس کا موبائل چیک کرتی
ہے ۔ اس شخص کا کہنا تھا کہ اس کی بیوی اس کے فون سے تمام ڈیٹا، چیٹ اور تصاویر اپنے موبائل میں منتقل کر لیتی ہے تاکہ اسے بعد میں تسلی سے دیکھا جا سکے ۔ اس شخص نے الزام لگایا کہ اس کی بیوی اس کی ذاتی معلومات اپنے بہن بھائیوں کو بتاتی ہے ۔ اگرچہ اس شخص کی بیوی نے عدالت کو بتایا کہ اس نے اپنے شوہر کو ایک عورت کے ساتھ چیٹنگ کرتے ہوئے پکڑا تھا ، جس کے بعد اس کے شوہر نے خود ہی اسے اپنے فون کا پاس ورڈ دیا تھا تاکہ وہ اس کا فون چیک کر سکے لیکن راس الخیمہ کی عدالت نے اس شخص کی بیوی کو مجرم قرار دیا ۔ اس شخص نے پہلے پہل پولیس میں اپنی بیوی کے خلاف شکایت کی تھی، جس کے بعد پولیس نے سوال و جواب کے لیے اس کی بیوی کو بلوا لیا ۔ پولیس نے متحدہ عرب امارات کے سخت پرائیویسی قوانین کے تحت اس کی بیوی کےخلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ ان قوانین کے تحت شادی شدہ جوڑے بھی بغیر اجازت ایک دوسرے کا موبائل نہیں دیکھ سکتے ۔ اگر کسی ایک کو شک ہو کہ اس کا شریک حیات اس کے ساتھ دھوکہ کر رہا ہے، تب بھی وہ دوسرے کا موبائل فون چیک نہیں
کر سکتا ۔