اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب میں کورونا وبا کی دوسری لہر کے پیشِ نظر 23 نومبر کے بعد سے تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویز سامنے آگئی ۔ وزیر قانون راجا بشارت کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا تو وزیر صحت کی جانب سے 23 نومبر کے بعد
تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویز دی گئی جب کہ وزیر ہائیر ایجوکیشن نے صرف ہائی رسک تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویز دی۔ وزیر تعلیم مرادراس نے کہا کہ پرائیویٹ اسکول کورونا کیسز پر درست معلومات فراہم نہیں کر رہے، اسکول بند کرنے کا فائدہ تب ہوگا جب تفریحی مقامات ،مارکیٹیں بند ہوں۔ شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا کے نئے کیسز اور اموات کی شرح بتدریج بڑھ رہی ہے، پنجاب میں اس وقت نئے کیسز کی شرح جون والی شرح کے برابر ہے۔ کمیٹی کے سربراہ وزیر قانون راجا بشارت نے کہا کہ شادی ہالز سے متعلق ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ کورونا وبا کی دوسری لہر کے پیشِ نظر وزارت تعلیم نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں کیلئے تجاویز صوبوں کو بھجوائی ہیں۔ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کو 24نومبر سے31جنوری تک بند کر دیا جائے، پہلے مرحلے میں 24نومبر سے پرائمری اسکولزبند کر دئیے جائیں جب کہ 2دسمبر سے مڈل اسکولز بھی بند کیے جائیں۔ اسی طرح 15دسمبر سے سکینڈری اسکولز میں بچوں کو آنے سے روکا جائے۔ وزارت تعلیم کے حکام اساتذہ کو تعلیمی اداروں میں بلانے پر بضد ہیں، تجویز میں کہا گیا ہے کہ اساتذہ کو بلایا جائے اور آن لائن ایجوکیشن کے لیے تیاری کی جائے، ٹیلی اسکول، ٹیلی ریڈیوسمیت آن لائن ایجوکیشن سسٹم کو لاگو کیا جائے۔