اوٹاوا(نیوز ڈیسک )کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے بغیر حدود و قیود کے نہیں ہو سکتی اور اس سے مختلف برادریوں کی بلاوجہ اور جب دل چاہے دل آزاری نہیں کی جانی چاہیے۔فرانس کے جریدے چارلی ایبڈو میں شائع ہونے والے توہین آمیز خاکوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال
کا جواب دیتے ہوئے کینیڈا کے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم ہمیشہ آزادی اظہار رائے کا دفاع کریں گے لیکن آزدی اظہار بغیر حدود کے نہیں ہو سکتی،یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دوسروں سے عزت سے پیش آئیں اور معاشرے اور اس دنیا میں موجود دوسرے لوگوں کی جب دل چاہے اور بلاوجہ دل آزاری نہ کریں۔بی بی سی اردو نیوز کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے اس سلسلے میں مثال سے واضح کرتے ہوئے کہا کہ ایک سینیما ہال جو فلم بینوں سے بھرا ہوا ہو وہاں کسی شخص کو چیخ کر آگ آگ کہنے کی اجازت نہیں ہوتی۔فرانس کے صدر کے موقف سے اپنے آپ کو الگ کرتے ہوئے جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ آزادی اظہار کا احتیاط سے استعمال ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کثیر النسلی اور باادب معاشرے میں ہمیں اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ ہمارے الفاظ اور ہمارے افعال کا دوسرے پر کیا اثر پڑے گا اور خاص طور پر ان لوگوں اور برادریوں پر جو پہلے ہی سے بہت زیادہ امتیازی سلوک کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاشرہ ان نازک اور سنجیدہ موضوعات پر ذمہ دارانہ انداز میں بحث کرنے کو تیار ہے۔