دبئی (نیوز ڈیسک) دبئی میں پاکستانی بس ڈرائیور نے مسافر کا کھویا ہواپیسوں سے بھرا بیگ واپس کردیا،بیگ میں ایک کروڑ 11لاکھ پاکستانی روپے تھے، دبئی ٹرانسپورٹ کمپنی کا نور خان کی دیانتداری پرخراج تحسین پیش کیا اور اعزازی سرٹیفکیٹ سے بھی نواز ا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں پاکستانی بس ڈرائیور نے مسافر کا کھویا ہواپیسوں
سے بھرا بیگ واپس کرکے دیانتداری کی مثال قائم کردی ۔ڈرائیورنے کہا کہ میرا نام نور حیات خان ہے، میں 11سال سے دبئی کی پبلک بس اتھارٹی میں ڈرائیور ہوں،ایک دن میں ڈیوٹی پر تھا ، جب میری ڈیوٹی ختم ہوئی تو میں نے بس کو چیک کیا، ڈیوٹی سے پہلے اور ڈیوٹی کے بعد بس کواندر سے اور باہر سے چیک کرنا معمول کاکام ہے۔جب میں بس کو اندر سے چیک کررہا تھا تو میں نے ایک بیگ دیکھا، جو کہ تھوڑا ساکھلا ہوا تھا، جب دیکھا تو پیسوں سے بھرا پڑا تھا۔بیگ میں ایک کروڑ 11 لاکھ پاکستانی روپے تھے۔ میں نے فوری کمپنی کے سپروائزر اور دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین محمد الطائر سے فوری رابطہ کیا، اور بیگ سے متعلق کمپنی کو الرٹ کیا۔جس کے بعد کمپنی نے پروسیجر مکمل کرنے کے بعد بیگ کو مالک تک پہنچایا۔ نور خان نے بتایا کہ یہ میری زندگی کا بڑا دن تھا، جس پر مجھے میرے دوستوں اور رشتہ داروں نے فون کرکے مبارکباد بھی پیش کیں۔بعض لوگوں کو نے مجھے کہا کہ آپ نے اتنا زیادہ پیسا کیوں واپس کردیا ؟ جس پر میں نے کہا کہ یہ پیسا میرا نہیں تھا، پھر میں اس پیسے کو کیوں رکھ لیتا۔ کیونکہ یہ پیسا میرے لیے حرام ہے۔ میری کمپنی نے میری دیانتداری اور وفاداری پر مجھے خراج تحسین پیش کیا اور اعزازی سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا۔ جو کہ میری زندگی کا بڑا دن ہے۔