لاہور (نیوز ڈیسک) امریکا میں پیدا ہونے والی ایک ایسی بچی آج کل خبروں میں ہے جس کی ’پیدائشی عمر‘ 28 سال ہے کیونکہ اسے اکتوبر 1992 میں تب منجمد کر دیا گیا تھا جب وہ پیدا نہیں ہوئی تھی بلکہ ناپختہ جنین ( ایمبریو) کی شکل میں اس کی نشوونما شروع ہوئی
تھی ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹینیسی میں پیدا ہونے والی بچی، جس کا نام ” مولی ایورٹ گبسن“ رکھا گیا ہے ، ایمبریو والے مرحلے پر ہی بہت احتیاط سے منجمد کردی گئی تھی جسے اس سال فروری میں (غیرمنجمد کرنے کے بعد) ٹینا گبسن کے رحم میں منتقل کیا گیا۔ آخرکار 26 اکتوبر کو اس حمل کے نتیجے میں 6 پاؤنڈ اور 13 اونس کی صحت مولی ایورٹ گبسن پیدا ہوئی ۔ اس سے قبل 2017 میں ” مولی“ کی بڑی بہن ” ایما رین گبسن“ نے بھی ان ہی خاتون کی کوکھ سے جنم لیا تھا جبکہ اسے بھی اس کی پیدائش سے تقریباً 24 سال 6 مہینے پہلے ، ایمبریو کی شکل میں منجمد کیا گیا تھا۔ منجمد ایمبریو سے اتنے طویل عرصے بعد کسی بچے کی پیدائش ایک بڑا ریکارڈ تھی جسے ایما کی اپنی ہی بہن مولی نے 3 سال بعد توڑ دیا۔ دلچسپی کی بات یہ ہے کہ ان دونوں بچیوں کے ایمبریو آج سے 28 سال پہلے ایک نامعلوم امریکی جوڑے نے ”نیشنل ایمبریو ڈونیشن سینٹر“ میں جمع کروائے تھے کیونکہ وہ ان بچیوں کو پیدا کرنا نہیں چاہتے تھے جبکہ ان دونوں ایمبریوز کو ضائع کرنا بھی نہیں چاہتے تھے۔