مکہ پولیس نے کہا ہے کہ ایک یمنی لڑکی کو سجدہ کرنے والا نوجوان گرفتار کیا گیا ہے ۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ ’سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں ایک نوجوان کو کسی لڑکی کو سجدہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔‘
پولیس نے بتایا ہے کہ ’جدہ کی ایک مسجد کے دروازے کے سامنے مقامی نوجوان اور یمنی لڑکی نے دین کے شعائر کا مذاق اڑایا ہے۔‘پولیس نے کہا ہے کہ ’تصویر وائرل ہوتے ہی پولیس کی خفیہ ٹیم نے ملوث افراد کو تلاش کرنے کی مہم شروع کردی تھی، انتہائی مختصر وقت میں دونوں کی شناخت ممکن ہوگئی۔‘پولیس نے بتایا ہے کہ ’تصویر میں سجدہ کرنے والا نوجوان ایک 30 سالہ شہری ہے جبکہ لڑکی یمنی تارک وطن ہے جس کی عمر 20 سال ہے جبکہ ان کی تصویر اتارنے والی لڑکی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، وہ بھی یمنی ہے اور اس کی عمر 20 سال ہے۔‘پولیس نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان کو ضابطے کی کارروائی کے بعد متعلقہ محکمے کے حوالے کردیا جائے گا۔‘واضح رہے کہ جمعہ کو ٹوئٹر پر صارفین نے ہیش ٹیگ’نوجوان لڑکی کو سجدہ کر رہاہے‘ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تھا۔ٹوئٹر صارفین کی بڑی تعداد نے اس حرکت کی سخت مذمت کرتے ہوئے ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔