ممبئی (نیوز ڈیسک) ’بلو رانی کہو تو ابھی جان دے دوں‘ آئٹم سانگ سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ثنا خان نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے اپنی زندگی اللہ کے راستے کیلئے وقف کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا سے ایسی تمام تصاویر بھی ہٹادی ہیں جو
بے پردگی کی حالت میں عکس بند کی گئی تھیں۔ انہوں نے پی آر یا کاسٹنگ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد سے درخواست کی ہے کہ آئندہ شوبز کے کام کیلئے ان سے رابطہ نہ کیا جائے۔ثنا خان نے اپنے پیغام میں کہا ’’ آج میں اپنی زندگی کے ایک اہم موڑ پر آپ سے بات کر رہی ہوں، میں سالوں سے شوبز (فلم انڈسٹری) کی زندگی گزار رہی ہوں، اور اس عرصے میں مجھے ہر طرح کی شہرت ، عزت اور دولت اپنے چاہنے والوں کی طرف سے نصیب ہوئی جس کیلئے میں ان کی شکر گزار ہوں لیکن اب کچھ دن سے مجھ پر یہ احساس قبضہ جمائے ہوئے ہے کہ انسان کے دنیا میں آنے کا مقصد کیا صرف یہی ہے کہ وہ دولت اور شہرت کمائے؟کیا اس پر یہ فرض عائد نہیں ہوتا کہ وہ اپنی زندگی ان لوگوں کی خدمت میں گزارے جو بے آسرا اور بے سہارا ہیں؟ کیا انسان کو یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ اسے کسی بھی وقت موت آسکتی ہے؟ اور مرنے کے بعد اس کا کیا بننے والا ہے؟ان دو سوالوں کا جواب میں نے اپنے مذہب میں تلاش کیا تو مجھے پتہ چلا کہ دنیا کی یہ زندگی اصل میں مرنے کے بعد کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ہے۔ اور وہ اسی صورت میں بہتر ہوگی جب بندہ اپنے پیدا کرنے والے حکم کے مطابق زندگی گزارے اور صرف دولت اور شہرت کا اپنا مقصد نہ بنائے، بلکہ گناہ کی زندگی سے بچ کر انسانیت کی خدمت کرے اور اپنے پیدا کرنے والے کے بتائے ہوئے طریقے پر چلے۔اس لیے میں آج یہ اعلان کرتی ہوں کہ آج سے میں اپنی شوبز کی زندگی چھوڑ کر انسانیت کی خدمت اور اپنے پیدا کرنے والے کے حکم پر چلنے کا پکا ارادہ کرتی ہوں۔تمام بھائیوں اور بہنوں سے درخواست ہے کہ آپ میرے لیے دعا فرمائیں کہ اللہ تعالیٰ میری دعا کو قبول فرمائے۔ نیز آئندہ کے میرے عزم یعنی اپنے خالق کے حکم کے مطابق اور انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس پر استقامت نصیب فرمائے۔ آخر میں تمام بھائیوں اور بہنوں سے گزارش ہے کہ وہ آئندہ مجھے کبھی شوبز کے کسی کام کیلئے دعوت نہ دیں۔‘‘