اسلام آباد(ویب ڈیسک )پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنزکی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 11 جنوری سے ہر صورت اسکولز کھولنے کا اعلان کردیا۔تیس سے زائد پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا ہنگامی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عہدیداران کا کہنا ہے کہ حکومت اعلان کرے
یا نہ کرے 11 جنوری کو ہر صورت اسکولز کھولیں گے، اسکولز کھولنے کی کیا حکمت عملی ہوگی یہ بعد میں طے کرینگے، حکومت نے بھی 11 جنوری کی تاریخ دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تمام ایسوسی ایشنز اور سسٹم پر مشتمل سپریم کونسل تشکیل دے دی ہے، اگر حکومت ادارہ سیل کرے گی تو بھرپور احتجاج کریں گے، جب سب کچھ کھلا ہے تو تعلیمی ادارے کیوں بند ہیں؟۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران نے تعلیمی اداروں کو بلاسود قرضے دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اعلان کا احترام کیا، اب ایس او پیز کے ساتھ ادارے چلائیں گے، تعلیمی اداروں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی پر عملدر آمد کریں، 27 دسمبر سے پہلے این سی او سی کو تحریری تجاویز دی جائیں گی۔ دوسری طرف اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سونے کی فی تولہ قیمت 500روپے بڑھ گئی ہے۔ سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 500روپے اضافہ ہوا ہے۔ سونے کی نئی قیمت ایک لاکھ 11ہزار روپے ہو گئی ہے۔ 10 گرام سونے کے دام بھی 429 روپے بڑھ کر 95 ہزار 165 روپے ہوگئے ہیں۔ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونا 20 ڈالر مہنگا ہوکر 1844 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے سونےکی قیمت میں مسلسل چڑھائو دیکھنے میں آرہا ہے۔