اسلام آباد(نیوز ڈیسک آن لائن)چیئرمین آل پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن اسکندر خان کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 25 روپے سے 30 روپے تک کمی آگئی ہے۔اسکندر خان کے مطابق چینی کے ایکس ملز ریٹ میں بھی کمی آگئی ہے جس کے ایکس ملز ریٹ 75 روپے فی
کلو تک پہنچ گئے ہیں۔چیئرمین اسکندر خان کا کہنا ہے کہ 75 روپے فی کلو چینی میں 17 روپے ٹیکس بھی شامل ہے۔چینی کی بوری ریٹیل میں اس وقت 3900 روپے میں مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گنے کی خریداری میں مڈل مین کا کردار ختم کرنےکے حکومتی اقدام کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں جب کہ گنے کی قیمت 200 روپے برقرار رہنے سے بھی چینی کی ایکس ملز ریٹ میں کمی واقع ہوئی۔اسکندر خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں اس وقت چینی 200 روپے فی کلو ہے لہٰذا چینی کی قیمت کم کرنے کے لیے افغانستان باڈرز پر سختی کرنا ہوگی جب کہ حکومت گڑ کی افغانستان برآمد روکے کیونکہ گڑ کی آڑ میں افغانستان چینی اسمگل ہوتی ہے۔ دوسری جانب 44 فیصد پاکستانیوں کا خیال ہے کہ مسلم لیگ ن میں تقسیم کا امکان موجود ہے۔پلس کنسلٹنٹ کے جاری کردہ نئے سروے میں لوگوں سے پوچھا گیا کہ کیا مسلم لیگ ن تقسیم ہو سکتی ہے؟ تو اس کے جواب میں 44 فیصد افراد کاکہنا تھا کہ مسلم لیگ ن تقسیم ہو سکتی ہے جب کہ 32 فیصد افراد نے کہا کہ یہ ناممکن ہے۔اسی سروے میں لوگوں سے یہ بھی پوچھا گیا کہ سابق وزیراعظم اورمسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کی اسٹیبلشمنٹ پر تنقید بھارتی مؤقف ہے یا سیاسی بیان؟اس پر سروے میں شامل افراد میں سے51 فیصد کہنا تھا کہ نواز شریف کی تنقید بھارتی مؤقف ہے۔