اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اس وقت ملک بھر میں خاص قسم کی تیز ہوائوں کے باعث لوگوں کو ناک سے خون بہنے، چھونے سے کرنٹ لگنے جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ناک، کان اور گلے کے ڈاکٹر نادر خان نے اس حوالے سے رہنمائی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ خشک موسم
اور ہوا کے کم دبائو کے باعث ناک سے خون بہنا ایک معمولی بات ہے جس میں پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمومی طور پر دسمبر یا جنوری کے سرد اور خشک موسم میں یہ مسائل دیکھنے کو ملتے ہیں جس میں ناک سے ہلکا خون آنا اور ناک کا خشک ہوجانے جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ، ہوا میں نمی کی مقدار کم ہو جانے اور موسم کے خشک ہوجانے سے ناک سے خون بہنے لگتا ہے کیونکہ ناک ایک حساس عضو ہے جو خشکی برداشت نہیں کرتا ۔ڈاکٹر نادر نے ان مسائل سے نمٹنے کیلئے پیٹرولیم جیلی ، ویزلین یا گھر میں موجود سرسوں کے عام تیل کو استعمال کرنے کا مشورہ دیا اور ساتھ ہی ماسک پہننے کی تجویز بھی دی تاکہ ناک کی خشکی کو دور کیا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ناک سے خون آنے کی صورت میں پریشانی سے بچیں اور ناک کے نتھنوں کو انگلیوں سے بند کریں اور سر کا رخ زمین کی جانب کریں ایسا کرنے سے خون رک جائے گا اور اگر خون پھر بھی آئے تو کسی قریبی ہسپتال سے رجوع کیا جائے تاکہ مسئلے کا حل نکالا جاسکے ۔