کراچی (نیوز ڈیسک ) سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد کورٹ میرج کرنے والی لڑکی کہیں کی نہ رہی، شوہر ایک ہفتے بعد جمع پونجی لے کر فرار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد کئی لوگ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ گذشتہ سال میں کئی غیر
ملکی خواتین نے پاکستان آ کر شادی رچائی ، جن کا کہنا ہے کہ ہماری دوستی سوشل میڈیا پر ہوئی ۔ یہ شادیاں سوشل میڈیا پر بھی خوب شہرت سمیٹتی تھیں ۔ آج کل کے دور میں جہاں سوشل میڈیا کا دور ہے ، وہیں کچھ لوگ سوشل میڈیا پر دوستیاں کرنے کے بعد ایک دوسرےکی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں اور اپنی محبتوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے رشتہ ازدواج میں بندھ جاتے ہیں ۔ سوشل میڈیا نے پوری دنیا کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب کر دیا ہے اور کوئی بھی شخص ایک ملک میں بیٹھ کر دوسے ملک کے لوگوں سے بات چیت اور دوستی کر سکتا ہے اور اکثر یہ دوستی رشتے میں بھی بدل جاتی ہے ، تاہم کبھی کبھی ان رشتوں کا انجام دھوکہ دہی کی صورت میں سامنے آتا ہے ایسا ہی کراچی کی ایک لڑکی کے ساتھ بھی ہوا ۔ لڑکی کے ساتھ شادی کے نام پر دھوکہ ہو گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی کی لڑکی کی لاہور کے کامران نامی شخص کے ساتھ سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی ، دونوں کی دوستی محبت میں تبدیل ہو گئی ، کامران نے لڑکی کو سہانے خواب دکھائے ۔ لڑکے
نے لڑکی سے کورٹ میرج کی لیکن چند دن بعد ہی اہلیہ کو چھوڑ کر فرار ہو گیا ۔ دھوکہ ملنے کے بعد لڑکی نے شوہر کے خلاف ایف آئی اے میں درخواست درج کروا دی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ شادی کے بعد کامران نے اہلیہ کو ایک ہفتہ ہوٹل میں رکھا اور پھر چھوڑ کر فرار ہو گیا ۔ لڑکی کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد کامران لاہور لے جانے کی یقین دہانیاں کرواتا رہا اور پھر اسے صدر کے علاقے میں قائم ہوٹل میں چھوڑ کر فرار ہو گیا ۔ لڑکی کا کہنا ہے کہ کامران نے میرا نمبر بھی بلاک کر دیا ہے ، وہ مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کر رہا ۔ کامران نے مجھے مسلسل دھوکے میں رکھا اور میں اس کی باتوں میں آ گئی ۔ لڑکی نے کہا کہ کامران کو پتہ تھا میرے پاس کچھ رقم بھی ہے جو کہ میں نے جہیز کے لیے رکھی تھی ، لیکن کامران وہ رقم لے کر بھی فرار ہو گیا ہے ۔ لڑکی کا کہنا ہے کہ میرے اہلخانہ بھی مجھ سے خفا ہیں ، میرے پاس کچھ بھی نہیں رہا ۔ لڑکی نے کہا کہ وہ اپنے شوہر کے خلاف عدالت کا دروازہ بھی کھٹکٹھائیں گی ۔