معروف اداکار حادثے میں انتقال کر گئے،پورا ملک سوگ میں ڈوب گیا
نئی دہلی(نیوز ڈیسک) بھارتی پنجابی فلموں کے معروف اداکار
دیپ سدھو سڑک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار دیپ سدھو جو کہ گزشتہ سال جنوری میں یوم جمہوریہ تشدد کیس میں ضمانت پر باہر تھے کی سڑک حادثے میں موت ہوگئی، یہ حادثہ کنڈلی مانیسر پلوال ایکسپریس وے پر ہوا۔
جائے حادثہ سے متعلق رپورٹس کے مطابق ایک سفید مہندرا اسکارپیو گاڑی ٹریلر ٹرک کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔
پولیس حکام کے مطابق اداکار دیپ سدھو دہلی سے پنجاب کے شہر بھٹنڈا جا رہے تھے جب ان کی گاڑی رات 9:30 بجے ایک ٹریلر ٹرک سے ٹکرا گئی جبکہ ہسپتال حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ان کی موت پہلے ہی ہوچکی تھی۔ خیال رہے کہ پنجابی اداکار دیپ سدھو گزشتہ سال یوم جمہوریہ کے موقع پر کسانوں کے احتجاج کے دوران لال قلعہ تشدد کیس میں ملزم تھے۔ سدھو کو دہلی پولیس نے گزشتہ سال فروری میں یوم جمہوریہ کے موقع پر کسانوں کی ایک ٹریکٹر ریلی کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا جو مظاہرین کے لال قلعہ پر آنے اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے کے بعد تشدد کی شکل اختیار کر گئی تھی۔