اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کی نوید سنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرکاری تصدیق نہیں لیکن یقین دلاتا ہوں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت کم ہونے جارہی ہے، آمدن اور اخراجات کا توازن مثبت ہوگیا، اب امپورٹڈ چیزوں کی قیمتیں بھی کم ہوجائیں گی
،مہنگائی عارضی چیز ہے، اس پر جلد قابو پالیں گے۔انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جب یہ اقتدار میں تھے انہوں نے گلگت بلتستان کی عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، گلگت میں اپوزیشن کی جانب سے جس طرح کا ماحول بنایا جارہا ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اپوزیشن مان چکی ہے کہ وہ دھاندلی کا ڈھونگ رچاکر اپنی شکست کو کوئی مہذب شکل دینا چاہتے ہیں، گلگت بلتستان کے عوام نے جس طرح وزیراعظم عمران خان محبت کا اظہار کیا ہے، پی ٹی آئی کے امیدواروں نے بھرپور محنت کی، پی ٹی آئی کے امیدوار الیکشن جیتیں گے۔میڈیا سے بھی درخواست ہے کہ وہاں جاکر بھرپور کوریج کریں۔ ہمارے وزراء وہاں کیمرے لگانا چاہتی ہے، پی ٹی آئی وہ جماعت جس نے آزاد اور شفاف الیکشن کیلئے جدوجہد کی ہے۔پی ٹی آئی الیکشن ریفارمز کیلئے کوشش کی، انتخابی اصلاحات ہوئیں پھر اس پر 2018ء کے الیکشن ہوئے۔ لیکن ان کیلئے وہ الیکشن درست جس میں یہ جیتیں، ججز وہ ٹھیک ہوتے ہیں جو ان کے حق میں فیصلہ دیں۔اگر ہار جاتے ہیں تو پھر کہتے ہیں دھاندلی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب اپوزیشن ایک نیا میثاق بنارہے ہیں، ماضی کے ریکارڈ کے باعث ن لیگ پر اعتبار بھی نہیں کیا جاسکتا۔ یہ مدد کس ادارے سے مانگ
رہے ہیں؟ وہی ادارہ جس کے والد نے اس ادارے کو ہدف بنایا ہوا ہے ۔ اس سے یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ یہ لوگ جمہوریت پسند نہیں، یہ اقتدار کی حوس میں اپنے کاروبار کرتے ہیں ، پھر احتساب سے بچنے کیلئے سیاسی انتقام کا نعرہ لگاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مدد مانگی جا رہی ہے کہ جمہوری منتخب حکومت کو گھر بھیجنا چاہتی ہے، مسلم لیگ ن کو شرم آنی چاہیے کہ وہ غیر جمہوری طریقے سے حکومت گرانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر نے صفر سے جدوجہد شروع کی،22سال جدوجہد کی، آج مقبول ترین لیڈر ہیں۔ پاکستان کا مستقبل عمران خان سے جڑا ہوا ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ کورونا وباء کے بعد ہر کوئی ذکر کررہا ہے کہ ہمارے معاشی اعشاریے بہتر ہورہے ہیں، صنعتوں میں تیزی آئی ہے ، ہماری کرنسی مضبوط ہورہی ہے۔میں سرکاری طور پر تصدیق نہیں کرسکتا لیکن یقین دلاتا ہوں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت کم ہونے جارہی ہے،اسی طرح کرنسی مضبوط ہونے سے امپورٹڈ چیزوں کی قیمتیں کم ہوجائیں گی ، آمدن اور اخراجات کا توازن مثبت ہوگیا ہے۔کرنٹ خسارے کو ہم نے دوسالوں میں کم کرکے مثبت کردیا ہے، مہنگائی عارضی چیز ہے، اس پر جلد قابو پالیں گے۔