اسلام آباد (نیوز ڈیسک آن لائن) ملک میں آئے روز بڑھتی ہوئی مہنگائی کی شرح نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے بے روزگاری بھی اپنے عروج پر ہے جس کی وجہ سے عوام کے مسائل دن بدن بڑٖھتے جا رہے ہیں۔ ان حالات میں نامور پاکستانی گلوکار نے غربت سے تنگ
آکر پکوڑے بیچنا شروع کر دئیے ہیں ۔ کھاریاںسے تعلق رکھنے والے نامور فوک گلوکار شکور لوہار نے غربت کے باعث اپنا فن چھوڑ کر ریڑھی پر پکوڑے بیچنا شروع کر دئیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شوبز کی سر گرمیاں پہلے ہی نہ ہونے کے برابر تھیں اور رہی سہی کسر کورونا وباء نے نکال دی ہے جس کی وجہ سے بچوں کا پیٹ پالنا بھی مشکل ہو گیا تھا۔ ایک سال تک دوستوں اور پرستاروں نے میری مالی امداد کی مگر آخر تھک ہار کر میں نے مین بازار میں پکوڑے لگا لئے ہیں اور اس سے بھی صرف دو وقت کا کھانا ہی پورا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے فن سے ملک کا نام روشن کیا مگر حکومت وقت نے میری اور میرے جیسے دوسرے فنکاروں کی کوئی مدد نہیں کی جو خدا کی ذات سے دعا ہے کہ پاکستان اور شوبز کے حالات جلد بہتر ہو جائیں تو میں دوبارہ اپنے فن کی طرف لوٹ آؤں گا۔ واضح رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس نے اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں۔