لاہور(نیوز ڈسیک )وزیر اعظم عمران خان نے نیشنل یوتھ کونسل میں نوجوانوں کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق نوجوانوں کو عالمی سطح پر ملکی نمائندگی کا موقع دینے کے لیے حکومت نے نوجوانوں سے یوتھ کونسل میں شمولیت کے لیے کوائف طلب کر لیے ہیں۔اس سلسلے میں
وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے نوجوانوں کے نام ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ویڈیو پیغام میں عثمان ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم نے یوتھ کونسل میں نوجوانوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، ملکی نوجوان اب عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکیں گے، نوجوانوں کو عالمی پلیٹ فارمز پر مسائل کے حق میں وکالت کا موقع دیا جائے گا۔انھوں نے کہا نوجوان نیشنل یوتھ کونسل کے پلیٹ فارم سے آگے بڑھیں، پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے لانے کی ضرورت ہے، کونسل کو نوجوانوں کی ترقی کے لیے پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا۔عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت نے آن لائن نوجوانوں سے کوائف مانگے ہیں، نوجوان اپنے کوائف کا اندراج کر کے نیشنل یوتھ کونسل کا حصہ بنیں۔انھوں نے کہا یوتھ کونسل ممبران کا انتخاب میرٹ، شفافیت کے مطابق کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اسد عمر کی زیر صدارت وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا تھا جس میں معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے نیشنل یوتھ کونسل، اسکلز فار آل، یوتھ انٹرپرنیور شپ (کاروباروں قرضوں کا پروگرام) اور ٹائیگر فورس کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔معاونِ خصوصی نے بتایا کہ ملک بھر کے نوجوانوں کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت کاروبار کے لیے 100 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جس کے تحت ملک بھر سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو چھوٹے کاروبار کے لیے قرضہ جات کی ادائیگی کامیابی سے جاری ہے، جب کہ 50 ہزار نوجوانوں کو روزگار کے ساتھ ساتھ تکنیکی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔