وزیراعظم اتوار تک فارغ۔۔۔۔نئی حکومت کے قیام کے لیے ووٹنگ کب ہوگی ،تاریخ کااعلان کردیاگیا
یروشلم (ویب ڈیسک )اسرائیلی پارلیمنٹ میں اتوار کے روز نئی حکومتی تشکیل کی منظوری کے لیے رائے شماری ہو گی۔ نئی حکومت موجودہ وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی حکومت کی جگہ لے گی۔ یہ بات اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے پارلیمنٹ کے اسپیکر یاریف لیون کے حوالے سے بتائی ہے۔ پارلیمنٹ کی جانب سے منظوری کی صورت میں نئی اتحادی حکومت اسی روز حلف اٹھا لے گی۔نئی حکومت نے حلف اٹھا لیا تو یہ اسرائیل میں پہلی حکومت ہو گی جس میں وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے والی شخصیت (نفتالی بینیٹ) اس شخصیت (یائر لیپڈ) سے مختلف ہو گی جس کو واقعتا حکومتی تشکیل کی دعوت دی گئی۔ نمبر وار منصب سنبھالنے کے فارمولے پر عمل کرتے ہوئے لیپڈ ستمبر 2023ء میں وزیر اعظم بنیں گے۔غالب گمان ہے کہ نئی کابینہ میں 8 خواتین شامل ہوں گی جو ایک نیا ریکارڈ ہو گا۔حکومتی اتحاد میں پارلیمنٹ کے 8 عرب ارکان بھی شامل ہوں گے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کوئی عرب جماعت اسرائیل کی حکومتی تشکیل میں اس نوعیت کا مرکزی کردار ادا کرے گی۔نئے حکومتی اتحاد میں 8 جماعتیں شامل ہوں گی جو کہ ایک ریکارڈ تعداد ہے۔ ان میں 4 جماعتیں پہلی مرتبہ حکومتی اتحاد میں شریک ہیں۔نئے اتحاد میں شامل 8 جماعتوں میں سے 5 کے سربراہان ماضی میں نیتن یاہو کی حکومتوں میں وزراء کے منصب پر فائز رہ چکے ہیں۔