اسلام آباد (نیوز ڈیسک) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں کورونا وبا کی شدت ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھنے لگی ہے، این سی اوسی کے مطابق گزشتہ ایک روز میں 5 ہزار 234 نئے کیس رپورٹ ہوئے اور ٹیسٹ مثبت آنےکی شرح دس اعشاریہ چارتین فیصد رہی۔چوبیس گھنٹے میں مہلک وائرس مزید 83 جانیں
نگل گیا۔ جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے اموت کی تعداد 14 ہزار613 ہوگئی۔ جب کہ برطانیہ نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کردیا ہے ، پاکستان سے برطانیہ آنے والوں کو 10دن ہوٹل قرنطینہ کرنا ہو گا ۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی تیسری لہر نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے ، کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کر دیا، جس کے بعد 9اپریل سے پاکستان سےبرطانیہ آنےوالوں کو10دن ہوٹل قرنطینہ کرنا ہو گا۔پاکستان کے علاوہ فلپائن، کینیا اور بنگلا دیش کو بھی ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، ریڈ لسٹ ممالک سے برطانیہ آنے والے مسافروں کو 10دن قرنطینہ میں گزارنے پڑیں گے۔ہوٹل قرنطینہ کے اخراجات مسافر خود ادا کرے گا ، مسافر کو ہوٹل قرنطینہ کے تقریباً 1700 پاؤنڈ ادا کرنے ہوں گے۔خیال رہے برطانیہ سے شہریوں کی واپسی کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھا گیا ہے تاہم پاکستان نے برطانیہ سے آنے والے مسافروں پر کوئی پابندی نہیں لگائی تھی۔ جب کہ برطانیہ نے پاکستان کے شہریوں پر پابندی لگا کر پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے پاکستانی حکومت نے برطانیہ سے سخت احتجاج کیا ہے۔