روم (ویب ڈیسک) دنیا میں ہر جگہ پراپرٹی کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں لیکن اٹلی میں ایک قصبہ ایسا ہے جہاں آپ صرف 1یورو(تقریباً 200روپے) میں گھر کے مالک بن سکتے ہیں۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اٹلی کے پہاڑی علاقے مولیسی میں واقع اس قصبے کا نام کاستروپیگنانو ہے جہاں
آبادی کی کمی پوری کرنے کے لیے قصبے کی میئر نکولا سکیپلاتی نے صرف 1یورو میں گھر فروخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ قدیم قصبہ کبھی آباد ہوا کرتا تھا لیکن اب اس کے بیشتر گھر خالی ہو چکے ہیں۔ اس میں کئی گھر ایسے ہیں جو 17ویں صدی عیسوی میں تعمیر ہوئے اور اب بھوت بنگلے بن چکے ہیں۔ اس قصبے کی بدقسمتی 1968ءسے شروع ہوئی جب ایک خوفناک زلزلہ آیا اور قصبے کے 4ہزار سے زائد رہائشی ڈر کر قصبہ ہی چھوڑ کر چلے گئے۔ اس کے بعد سے لوگوں کی بڑے شہروں کو نقل مکانی شروع ہوئی اور آج قصبہ سائیں سائیں کر رہا ہے۔ میئر نکولا کا کہنا ہے کہ ”قصبے کی تمام عمارتیں سٹی کونسل کی ملکیت ہیں، جنہیں اب ہم فروخت کرنا چاہتے ہیں۔ تاکہ اس قصبے کو ایک بار پھر پہلے کی طرح آباد کیا جائے۔“ قصبے کی آبادی کی کمی پوری کرنے کے لیے قصبے کی میئر نکولا سکیپلاتی نے صرف ایک یورو میں گھر فروخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔