نوابشاہ (نیوز ڈیسک) دلہن نے روایتی مطالبات کی بجائے 32 قیدیوں کی ضمانت اور 32 نفل کی ادائیگی ہی میں حق مہر مانگ لیا، دلہن کی جانب سے یہ شرائط رکھی گئیں تو وکیل اور گواہ دلہا کے پاس پہنچے تو دولہے نے فوراً یہ شرط قبول کرلی۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق تاج کالونی میں پیر
کو 32 سالہ صفیہ لاکھو اور 45 سالہ حبیب جسکانی کا نکاح ہوا۔ صفیہ کا تعلق نوابشاہ اور حبیب جسکانی کا تعلق خیرپور ضلع سے ہے اور دونوں ہی وکیل ہیں۔صفیہ لاکھو نے بتایا کہ جب گواہ اور وکیل آئے اور رضامندی کا پوچھا تو انہوں نے حق مہر میں عمر کے مطابق 32 غریب قیدیوں کی ضمانت اور اتنے ہی نفل کی ادائیگی کی شرائط بتائیں۔ صفیہ لاکھو کے مطابق انہوں نے صرف حق مہر میں نفل اور ضمانتیں لکھوائیں تاہم نکاح خواں نے کہا کہ کچھ رقم لکھوانا بھی ضروری ہے جس کے بعد باہمی مشاورت سے 11 سو روپے حق مہر لکھوایا گیا، میری شرائط کے جواب میں دولہے نے کوئی شرط نہیں رکھی، صرف ان کو قبول کیا۔صفیہ لاکھو نے بتایا کہ حق مہر ایسا کچھ رکھنا چاہتی تھی جس سے دوسروں کو فائدہ پہنچے اور ہمارے لیے باعث دعا ہو۔ 32 قیدی آزاد ہوں گے تو ان گھرانوں کی دعائیں ملیں گی اور ہر ضمانت کے ساتھ ایک نفل شکرانے کی ادئیگی بھی۔دولہا حبیب جسکانی کا کہنا تھا کہ انہوں نے جب یہ شرائط سنیں تو انہیں اچھا لگا کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ رواج کے مطابق سونا یا پیسے لکھوائے جائیں گے لیکن یہ اس کے برعکس تھا،صفیہ لاکھو اور حبیب جسکانی کی یہ ارینج میریج ہے ۔