پنجاب میں گرمیوں کی چھٹیاں 3 مہینے کی نہیں بلکہ کتنے مہینے کی ہونگی؟نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا
لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے موسم گرما کے دوران تعلیمی اداروں میں دی جانے والی
چھٹیاں 3 ماہ سے کم کر کے 2 ماہ کر دی ہیں اور محکمہ تعلیم نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ محکمہ تعلیم کی
جانب سے تعلیمی سال 23-2022ءکا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق رواں تعلیمی سال 31 مارچ کی بجائے 31 مئی کو ختم
ہو گا اور نیا تعلیمی سال یکم اگست 2022 سے 31 مارچ 2023 تک ہو گا جبکہ اس بار بچوں کو موسم گرما کی چھٹیاں صرف 2 ماہ کیلئے دی جائیں گی جو یکم جون 2022ءسے شروع
ہوں گی اور 31 جولائی 2022ءکو ختم ہو جائیں گی۔ واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی سفارشات کی روشنی میں سکولوں میں طلباءکی 50 فیصد حاضری کی شرط پہلے ہی ختم کی جا چکی ہے اور 16 فروری سے لاہور اور راولپنڈی میں 100 فیصد حاضری کے ساتھ تعلیمی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ یاد رہے کہ محکمہ سکولزایجوکیشن نے یکم مارچ سے سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی پر بھی غور شروع کر دیا ہے جس کی منظوری کی صورت میں سکولوں کے اوقات کار صبح آٹھ بجے سے دو بجے تک ہوسکتے ہیں، اس وقت سکولوں کے اوقات کار صبح پونے 9 بجے سے پونے تین بجے تک ہیں، اس سلسلے میں محکمہ سکولزایجوکیشن نے اتھارٹیز سے رائے بھی طلب کی ہے۔