پنشن میں اضافے کے بعد پنشنرز کو ایک اور بڑی خوشخبری سنادی گئی
ادارہ قومی بچت نے پنشنرز کیلئے بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس کے
منافع میں اضافہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ قومی بچت نے مختلف اسکیموں کے منافع میں اضافہ کر دیا ہے۔بتایا گیا ہے
کہ بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 9.84 سے بڑھا کر 9.96 فیصد کردیا گیا ہے جب کہ پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس پر بھی شرح منافع 9.84 سے بڑھا کر 9.96 فیصد کردیا گیا ہے۔ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 8.05 فیصد سے بڑھا کر 8.11 فیصد مقرر کیا گیا ہے
جب کہ ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 7.44 فیصد سے بڑھا کر 7.60 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ 3، 6 اور 12 ماہ کی مدت کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس کے شرح منافع میں کمی کردی گئی ہے۔ 3 ماہ کی مدت کے لیے شرح منافع 7.72 فیصد سے کم ہوکر 6.8 فیصد اور
6 ماہ کا شرح منافع 7.36 فیصد سے کم کرکے 6.76 فیصد مقرر کیا گیا ہے جب کہ 12 ماہ کی مدت کے سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 7.30 فیصد سے کم کرکے 6.66 فیصد کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ملک بھر کے بزرگ پنشنرز کیلئے خوشخبری ہے کہ وفاقی حکومت میں ان کی پنشن میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کی پنشن میں اضافےکی منظوری دے گئی۔ای او بی آئی پنشنرز کو اب 6500 نہیں بلکہ 8500 روپے ملیں گے۔ای او بی آئی کے ماہانہ پنشن میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2020 سے ہوگا، بقایہ جات سمیت اضافی پنشن یکم اگست سے حاصل کی جا سکے گی۔