لاہور(ویب ڈیسک ) نیب نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے اہلخانہ کو دیے گئے کروڑوں روپے کے تحائف کی تفصیلات جاری کردیں ۔ اس حوالے سے قومی احتساب بیورو ( نیب ) کی طرف سے جاری دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف
نے اہلیہ اور اپنے بچوں کو 24 کروڑ 22 لاکھ 77 ہزار 400 روپے تحائف کی مد میں دیے ، جب کہ شہباز شریف نے بیٹوں سے 4 کروڑ 26 لاکھ 80 ہزار 678 روپے تحفے کی مد میں وصول کیے ۔بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنی اہلیہ نصرت شہباز کو مختلف موضع جات میں 749 کنال اراضی تحفے میں دی ، اس کے ساتھ ساتھ شہباز شریف کو 867 کنال 18 مرلے اراضی ان کی والدہ طرف سے سے تحفے میں ملی ، مزید یہ کہ شہباز شریف کو 748 کنال 19 مرلے اراضی اپنے والد سے بھی تحفے میں ملی ۔نیب دستاویزات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے بیٹے سلمان شہباز کو 17 کروڑ 12 لاکھ 38 ہزار 200 روپے تحفے کی مد میں دیے ، جب کہ حمزہ شہباز کو سابق وزیراعلیٰ نے سال 2013ء میں ایک کروڑ 7 لاکھ روپے تحفے میں دیے ، جہاں شہباز شریف نے حمزہ شہباز کو سال 2015ء میں 2 کروڑ روپے بطور تحفہ دیے ، اس کے علاوہ شہباز شریف نے 2015ء میں اپنی اہلیہ تہمینہ درانی کو بھی ڈیفنس میں 2 کروڑ 40 لاکھ روپے کا پلاٹ تحفے میں دیا ۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ سال 2015 میں شہباز شریف نے تہمینہ درانی کو ہری پور میں کاٹیچ اور گھر بھی خرید کر دیا ، جب کہ ہری پور میں خریدے گئے تحائف کی مالیت ایک کروڑ 63 لاکھ 39 ہزار 200 ظاہر کی گئی ۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اس وقت نیب لاہور کی حراست میں ہیں ، جب لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی ، جس کے بعد نیب حکام نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو کمرہ عدالت سے حراست میں لے لیا ، لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سردار احمد نعیم اور مسٹر جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی ، جہاں شہباز شریف نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی ۔