کچھ دن قبل جیسے پاکستان میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا، بالکل ایسا ہی بریک ڈاؤن 1994ء میں لاس اینجلس، امریکہ میں بھی رات کے وقت ہوا تھا۔ اُس رات 4 بجے زلزلے کے باعث پورے لاس اینجلس میں بجلی بند ہوگئی تھی، لوگ زلزلے کی وجہ سے بوکھلا کر جب گھروں سے
باہر نکلے تو انہوں نے آسمان پر ایک عجیب منظر دیکھا اور خوفزدہ ہوکر 911 پہ ایمرجنسی کالز ملانا شروع کر دیں۔ ان کے خوفزدہ ہونے کی وجہ بہت حیرت انگیز تھی، تمام افراد کا دعویٰ تھا کہ انہیں آسمان پہ عجیب و غریب بادل نظر آ رہے ہیں ، جب تحقیق کی گئی تو معلوم ہوا کہ لاس اینجلس کے لوگ پہلی بار آسمان پر ملکی وے کہکشاں کو دیکھ رہے تھے۔ ان کو پتا نہیں تھا کہ رات کو آسمان ایسا بھی دکھائی دیتا ہے ، جس وجہ سے وہ آسمان پر پھیلے اس بادل سے خوفزدہ تھے ۔ آج بھی آدھی سے زائد دُنیا رات کے وقت مصنوعی روشنیوں کی وجہ سے آسمان پر یہ نظارہ دیکھنے سے محروم ہے ۔ یہ بادل گرمیوں میں روز آسمان پر دکھائی دیتے ہیں جبکہ زمین کے سورج کے گرد چکر لگانے کی وجہ سے سردیوں میں یہ بادل سورج کے پیچھے چھپ جاتے ہیں ۔ ان بادلوں کو دیکھنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ شہر کی روشنیوں سے سو کلومیٹر دور کسی گاؤں میں موجود ہوں ۔ اگر ایسا بریک ڈاؤن کبھی گرمیوں میں ہوا تو امید کی جاسکتی ہے کہ پاکستانی عوام بھی آسمان پر یہ دیوہیکل بادل دیکھ سکے گی ۔