اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے کہا ہے کہ نوازشریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے پیچھے یہودی لابی کام کر رہی ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کا جلسہ انتشار پھیلانے والا عمل ہے، ملک کے با شعورعوام اس میں قطعی
شرکت نہ کریں۔ جلیل شرقپوری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم بنانے کا مقصد نوازشریف اور آصف زرداری کے مقدمات ختم کرانا ہے، اگر لاہور کا جلسہ ملکی مفاد میں ہوتا تو اس میں ضرور شرکت کرتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کا جلسہ انتشار پھیلانے کے لیے کیا جا رہا ہے، نوازشریف نے مسلم لیگ کو مضبوط کیا مگر مریم اسے ختم کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کا بیانیہ درست تھا، وہ بھی انتشار کی سیاست کے خلاف تھے، نوازشریف کے خلاف زیادتی ہوئی مگر ملک کو انارکی کی طرف نہ لے جایا جائے۔ جلیل شرقپوری نے کہا کہ اگر ملکی مفاد میں ہوا تو میں بھی استعفیٰ دے دوں گا مگر موجودہ تحریک ذاتی مفادات کے لیے چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ عمران خان سے کچھ غلطیاں ہوئی ہیں مگر ان کی پالیسیاں مجموعی طور پر درست ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پارلیمنٹ سے باہر مولانا فضل الرحمان کے پیچھے چلتے ہیں اور پارلیمنٹ کے اندر اپنے پیچھے چلانا چاہتے ہیں۔ گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) کے جن ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی ان میں جلیل شرقپوری بھی شامل تھے۔ نون لیگ کی قیادت کی جانب سے تمام افراد کو شوکاز نوٹس دیا گیا تھا اور بعد ازاں پارٹی سے نکالنے کا اعلان کر دیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے والے ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے حلقے کے مسائل کے حوالے سے عثمان بزدار سے ملنے گئے تھے۔ ان ارکان میں مولانا غیاث الدین، فیصل نیازی، میاں جلیل شرقپوری سمیت دیگر کئی لوگ شامل تھے