کراچی(نیوز ڈیسک) برطانوی کار ساز کمپنی موریس گیرجز (ایم جی) نے گزشتہ ہفتے ’ایچ ایس کراس اوور ایس یو وی‘ کو پاکستان میں لانچ کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس کی پیشگی بکنگ کا آغاز کیا تھا۔ اس گاڑی کو پاکستان میں ایسی پذیرائی ملی ہے کہ اس کی
پیشگی بکنگ کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔ ویب سائٹ ’پروپاکستانی کے مطابق اس گاڑی کی قیمت 55لاکھ روپے رکھی گئی ہے جس کے لیے اب تک 10ہزار سے زائد آرڈر موصول ہو چکے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2020میں ٹویوٹا اور ہنڈا کمپنیوں کی مجموعی طور پر جتنی گاڑیاں فروخت ہوئی ہیں، یہ آرڈر اس سے بھی زیادہ ہے۔ یہ گاڑی 1.5لیٹر 4سلنڈر ٹربوچارجڈ پٹرول انجن کی حامل ہے جو 162ہارس پارو طاقت پیدا کرتا ہے۔ 6سپیڈ ڈوئل کلچ آٹومیٹنگ ٹرانسمیشن کے ذریعے یہ طاقت گاڑی کے اگلے دونوں پہیوں کو منتقل کی جاتی ہے۔ کمپنی کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس گاڑی کی تعارفی تقریب دسمبر 2020میں ہو گی۔