کراچی (نیوز ڈیسک )امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کے اثرات مقامی سطح پر سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کے بعد یونائیٹڈ موٹرز کی گاڑی براوو کی قیمت میں ایک لاکھ روپے حیران کن کمی دیکھنے میں آئی ہے، صارفین کو اب یہ گاڑی
ایک لاکھ روپے کمی کے بعد گیارہ لاکھ روپے میں دستیاب ہو گی۔ یونائیٹڈ موٹرز پرائیوٹ لیمیٹڈ کی جانب سے 29 اکتوبر کو جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ” ہم امریکی ڈالر کے ایکسچینج ریٹ میں مثبت تبدیلی کا فائدہ براہ راست اپنے صارفین کو دینا چاہتے ہیں، اس سوچ کے ساتھ کمپنی نے گاڑی کی قیمت میں ایک لاکھ روپے کی خاطر خواہ کمی کر دی ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے میں صارفین کو خوشخبری دی گئی ہے کہ ایسے صارفین جنہوں نے پرانی تاریخوں میں گاڑی کی بکنگ کروا رکھی تھی ان کو بھی اب یہ گاڑی ایک لاکھ روپے کی کمی کے ساتھ نئی قیمت یعنی گیارہ لاکھ روپے میں ملے گی۔ صارفین کی جانب سے ایک لاکھ تک قیمتیں گرنے پر مسرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ ڈالر کی قدر میں کمی سے قبل یونائیٹڈ براوو کی قیمت 12 لاکھ روپے تھی۔ لیکن اب یہ گاڑی ایک لاکھ روپے کمی کے بعد گیارہ لاکھ روپے میں دستیاب ہو گی۔