نئ دہلی (ویب ڈیسک) گدھے کے گوشت کے بعد پیش خدمت ہے گدھی کا دودھ، بیشتر ترقی پذیر ممالک میں گدھوں کو باربرداری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جب کہ چین میں گدھے کی کھالوں کا روایتی دوائیوں اور فرنیچر وغیرہ میں استعمال ہو رہا ہے ۔ تاہم بھارت میں گدھی کے
دودھ کی فروخت کا کام تیزی سے فروغ پا رہا ہے کیونکہ اس کی فی لیٹر قیمت حیرت انگیز طور پر دنیا میں سب سے زیادہ ہے ۔ بھارتی ریاست گجرات میں ایک خاص نسل کے گدھے کے باقاعدہ ڈیری فارم قائم کیے گئے ہیں اور ایک لیٹر دودھ تقریباً ساڑھے 15 ہزار پاکستانی روپے میں فروخت کیا جاتا ہے ۔ ہالاری نسل کا یہ گدھا بھارتی گجرات میں ہی پایا جاتا ہے اور یہ گھوڑے سے تھوڑا چھوٹا ہوتا ہے ۔ بھارتی حکومت کی جانب سے اس نسل کے گدھے کی فارمنگ کی جا رہی ہے اور دیگر ریاستوں میں بھی اس کی افزائش نسل کی جا رہی ہے ۔ خیال رہے کہ یورپ میں بھی گدھی کے دودھ کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور کاسمیٹکس کمپنیاں گدھی کے دودھ سے بنے صابن ، کریم اور لوشن وغیرہ فروخت کر رہے ہیں جو کہ انسانی جلد کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے بہترین سمجھے جاتے ہیں ۔ فراعین مصر کے دور سے تعلق رکھنے والی مصر کی ملکہ قلو پطرہ جسے دنیا کی حسین ترین عورت بھی سمجھا جاتا ہے کہ متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ اپنی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے گدھی کے دودھ سے غسل کیا کرتی تھی ۔