گرمیوں کی چھٹی! بارشیں برسانے والا نیا سسٹم پاکستان میں داخل، محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیشگوئی کر دی
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) گرمی کے موسم کو خیرباد کہنے کا وقت آگیا، ملک بھر میں بادل خوب برسیں گے، بارشوں کا ایک نیا سلسلہ پاکستان میں
داخل ہونے کی پیشن گوئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے چاروں صوبوں خاص کر ملک کے جنوبی حصے میں بارش کے نئے سلسلے کی آمد کی پیشن گوئی کی
گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 27 سمتبر سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ ملک کے بیشتر علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ سندھ، بلوچستان، پنجاب، خیبرپختوںخواہ، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان ہر ریجن کے علاقوں میں بادل برس سکتے ہیں، تاہم اس
سلسلے کا زیادہ زور ملک کے جنوبی حصے میں ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 27 ستمبر کی رات سے مون سون ہوائیں شدت سے سندھ میں داخل ہوسکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق مون سون ہوائیں 2 اکتوبر تک وقفے وقفے سے بارش کا باعث بنیں گی۔ خاص کر 28 ستمبر سے 2 اکتوبر تک وقفے وقفے سے تیز ہوائوں اور گرج چمک
کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق میرپور خاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین میں گرج چمک کیساتھ جبکہ کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور حیدرآباد میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں بھی تیز ہوائوں کے ساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق تیز بارش کے باعث کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور حیدرآباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، جبکہ قلات، خضدار اور لسبیلہ کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایات کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں آئندہ چند روز میں مون سون بارشوں میں کمی آنے کا امکان ہے۔