لاہور(نیوز ڈیسک)گلگت بلتستان میں 15 نومبر کو الیکشن ہونے جارہے ہیں جس کیلئے پی ٹی آئی ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی بھر پور جلسے کر رہی ہیں لیکن گیلپ پاکستان اور پلس کنسلٹنٹ کے حالیہ سروے کے نتائج سامنے آ گئے ہیں جن کے مطابق عوامی مقبولیت میں پاکستان تحریک انصاف پہلے ، پیپلز پارٹی دوسرے
اور ن لیگ تیسرے نمبر پر ہے ۔تفصیلات کے مطابق سروے کے مطابق جب لوگوں سے پوچھا گیا کہ وہ کس جماعت کو ووٹ دیں گے تو 27 فیصد نے پاکستان تحریک انصاف کا نام لیا جبکہ 24 فیصد کا کہناتھا کہ وہ پیپلز پارٹی کو سپورٹ کریں گے اور صرف 14 فیصد نے ن لیگ کو ووٹ دینے کا کہا ۔دوسری جانب پلس کنسلٹنٹ کے سروے کے نتائج کے مطابق 35 فیصد شہریوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دینے کا اعلان کیا جبکہ 26 فیصد کا کہناتھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بننی چاہیے تاہم 14 فیصد نے ن لیگ کے حق میں کھڑے ہونے کا کہا ۔ تاہم زیادہ تر نتیجہ الیکشن والے دن پر منحصر ہو گا کہ کونسی پارٹی اپنے زیادہ ووٹرز کو نکالنے میں کامیاب رہتی ہے ۔گیلپ سروے کے نتائج کے مطابق لوگوں سے جب ان کے پسندیدہ لیڈر کے بارے میں معلوم کیا گیا 42 فیصد نے عمران خان کا نام لیا ، 17 فیصد کے پسندیدہ لیڈر بلاول بھٹو زرداری ٹھہرے اور 15 فیصد نے کہا کہ ان کے لیڈر نوازشریف ہیں ۔جبکہ حیران کن طور پر تین فیصد لوگ ایسے تھے جنہوں نے مریم نوازشریف کو اپنا پسندیدہ لیڈر قرار دیا ۔اس سوال پر پلس کنسلٹنٹ کے سروے کے نتائج بھی زیادہ مختلف نہیں رہے کیونکہ 41 فیصد نے عمران خان کو اپنا پسندیدہ لیڈر قرار دیا جبکہ 23 فیصد نے بلاول بھٹو زرداری اور 16 فیصد نے نوازشریف کو قرار دیا ۔پلس کنسلٹنٹ کے مطابق 29 فیصد لوگوں کا کہناتھا کہ الیکشن صاف اور شفاف ہوں گے جبکہ 51 فیصد نے کہا کہ وہ اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن 20 فیصد ایسے تھے جنہوں نے کہا کہ الیکشن شفاف نہیں ہوں گے ۔یہی سوال جب گیلپ نے لوگوں سے کیا تو 31 فیصد نے جواب دیا کہ الیکشن شفاف ہوں گے لیکن 29 فیصد نے کہا کہ کچھ حد تک شفاف ہو سکتے ہیں جبکہ 28 کا کہناتھا کہ وہ اس حوالے سے کوئی رائے نہیں دے سکتے ، پانچ فیصد کا کہناتھا کہ الیکشن شفاف نہیں ہوں گے ۔