اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان بننے کے کافی عرصہ بعد تک جمعہ کے روز سرکاری تعطیل ہوتی تھی اس
کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا تھا کہ جمعہ کے روز لوگ پوری تیاری کے ساتھ نماز جمعہ ادا کرتے تھے تاہم بعد میں مغربی روایات کی تقلید کرتے ہوئے جمعہ کی چھٹی ختم کر دی گئی اور اتوار کی چھٹی ہونا شروع ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق ڈی سی اوکاڑہ نے تاجروں اور سیاسی دباﺅ پر چھٹی کے دن تبدیل کرتے ہوئے جمعہ اور ہفتے کی چھٹی کا اعلان کر دیا ہے ۔ دوسری جانب راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے انجمن تاجران کا اتوار کی چھٹی منسوخ کرنے کا مطالبہ منظور کر لیا ہے ، بازار جمعہ اور ہفتہ کو بند اور اتوار کو کھلے رہیں گے ۔ راولپنڈی میں چھٹی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔ اس طرح پنجاب کے ان دونوں اضلاع یعنی راولپنڈی اور اوکاڑہ میں جمعہ کے روز سرکاری چھٹی ہوا کرے گی جو کہ ایک خوش آئند بات ہے ۔