شاپنگ آرام سے کریں مارکیٹیں چاند رات تک کھلی رہیں گی، اعلان کر دیا گیا
لاہور(نیوز ڈیسک) آل پاکستان انجمن تاجران نے کل سے چاند رات تک کاروبار کھولنے کا اعلان کردیا، حکومت اگر کوئی ریلیف نہیں دے سکتی تو کاروبار کرنے دے، 9 دن کاروبار بند رکھنا تاجروں کو ذبح کرنے کے مترادف ہے۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ کل آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں کاروبار کھلے رہیں گے۔تمام تاجر کل سے چاند رات تک اپنا کاروبار جاری رکھیں گے۔ اجمل بلوچ نے کہا کہ حکومت کے پاس اگر کوئی ریلیف نہیں تو ہمیں کاروبار کرنے دے۔ 9 دن کاروبار بند رکھنا تاجروں کو ذبح کرنے کے مترادف ہے۔اجمل بلوچ نے گزشتہ روز بھی حکومت کے لاک ڈاؤن عائد کرنے کے فیصلے کی مخالفت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرح ہماری حکومت بھی 24 گھنٹے کاروبار کرنے کی اجازت دے۔ہم 8 تا 16 مئی کاروبار بند کرنے کا حکومتی نوٹیفکیشن مسترد کرتے ہیں۔ تاجر برادری چاند رات تک کاروبار جاری رکھے گی۔ حکومت کے غلط فیصلے سے جتنا کورونا وائرس پھیلنا تھا وہ 2 دنوں میں پھیل چکا ہے۔ کورونا روکنے کے لئے حکومت زیادہ ٹائم دے تاکہ رش ختم ہوجائے۔