بھوت پریت کی کہانیاں آپ نے بہت سن رکھی ہوں گی لیکن آپ یہ جان کر حیران ہو جائیں گے کہ مغربی افریقہ کے ملک بینن (Benin)میں جیتے جاگتے بھوت پائے جاتے ہیں۔ بینن کے ان بھوتوں کو ایگن گن (Egungun)کہا جاتا ہے۔ یہ درحقیقت ملک کے انتہائی پراسرار قبائل کے افراد ہوتے ہیں جو کبھی کبھار روایتی،
زرق برق لباس پہن کر عام آبادیوں میں گھس آتے ہیں۔ان کا لباس اس طرح کا ہوتا ہے کہ ان کے جسم کا کوئی بھی حصہ عیاں نہیں ہوتا اور ان کی شناخت خفیہ ہی رہتی ہے۔عام دیہاتیوں میں یہ عقیدہ پایا جاتا ہے کہ جو شخص ان میں سے کسی بھوت کو چھو لے، وہ شخص اور بھوت دونوں کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ چنانچہ عام لوگ ان بھوتوں سے مناسب فاصلے پر ہی رہتے ہیں۔یہ ایگن گن جب آبادیوں میں آتے ہیں تو ان کے ساتھ ڈھول والے بھوت بھی ہوتے ہیں جو ڈھول بجا کر آبادی کو ان کی آمدکی اطلاع دیتے ہیں۔ یہ بھوت عام شہریوں کے تنازعات کے فیصلے بھی کرتے ہیں۔ یہ لوگوں سے انتہائی عجیب و غریب اور بھاری آواز میں بات کرتے ہیں۔ گفتگو میں یہ ایسی زبان استعمال کرتے ہیں جو ان دیہاتیوں کی سمجھ میں نہیں آتی۔ دیہاتیوں کا خیال ہے کہ یہ ان کے آبا?اجداد کے بھوت یا روحیں ہیں جو انہیں نصیحتیں کرنے کے لیے دوبارہ زمین پر آ گئی ہیں۔ چنانچہ وہ ان کی ہر بات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور ان کے الفاظ کو براہ راست اپنے اجداد کے الفاظ سمجھتے ہیں۔