لاہور (نیوز ڈیسک) لمبا قد کسے نہیں پسند، قد لمبا ہو تو انسان خود کو پر اعتماد محسوس کرتا ہے جبکہ لمبے قد کی بدولت شخصیت بھی خوبصورت نظر آتی ہے، درمیانے یا پست قد کے افراد چند آسان تدابیر اپنا کر اپنے قد میں اضافہ کر سکتے ہیں ۔مارکیٹ میں آج کل قد لمبا کرنے
کے حوالے سے طرح طرح کے جوتے، ادویات اور ٹانک دستیاب ہیں جن کا دعویٰ ہے کہ ان مصنوعات کے استعمال سے مطلوبہ قد حاصل کیا جا سکتا ہے، ان مصنوعات کے ذریعے قد لمبا ہونے کی سو فیصد ضمانت تو نہیں دی جاسکتی مگر چند ورزشوں کو اپنانے اور اپنی روز مرہ کی روٹین میں مثبت تبدیلیاں لا کر اپنا من پسند قد حاصل کیا جا سکتا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق نیند کے دوران قد بڑھنے کا عمل متحرک ہوتا ہے ، سائنسی تحقیق کے مطابق کمر کے بل دس منٹ لیٹنے سے قد میں پانچ ملی میٹر کا اضافہ ہوتا ہے، دن بھر میں ریڑھ کی ہڈی سکڑتی ہے اور لیٹنے کے بعد وہ اپنی اصل شکل میں واپس آ جاتی ہے ۔اپنے قد کی لمبائی کو بڑھانے کے لیے چند مخصوص ورزشوں کے ذریعے کسی حد تک قد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے جبکہ 25 سال سے زائد عمر کے افراد میں قد کے بڑھنے کے امکانات بہت کم ہو جاتے ہیں ، قد بڑھانے کے لیے درج ذیل بتائی گئی ورزشوں کے نتائج 25 سال کے افراد یا اس سے زائد عمر کے افراد میں کچھ خاص نتائج سامنے نہیں لائیں گے۔لمبے قد کے خواہشمند افراد مندرجہ ذیل تجویز کی گئیں کچھ ٹِپس کے ذریعے اپنا قد کچھ حد تک بڑ ھا سکتے ہیں۔غذا اور پر سکون دماغ:قد بڑھانے کے خواہشمند افراد کے لیے سب سے اہم مثبت غذا کو قرار دیا جاتا ہے، قد بڑھانا چاہتے ہیں تو اپنی روز مرہ کی غذا میں کیلشیئم، آئرن، وٹامن ڈی سمیت دیگر وٹامنز اور منرلز کی موجودگی کو ناگزیر بنا لیں جبکہ خود کو دماغی طورپر پُرسکون رکھیں اور دن میں کم از کم 8 گھنٹے نیند پوری کریں ۔
سائیکل چلائیں: قد لمبا کرنے کے خواہشمند افراد اپنی روٹین میں سائیکل چلانے کی عادت بنا لیں، سائیکل چلانے کے دوران سائیکل کی سیٹ کو اس طرح سے فکس کریں کے ٹانگوں کو پیڈل تک پہنچنے کے لیے زیادہ کھینچنا پڑے، سائیکل کی سیٹ کو اتنا بھی اوپر نہ رکھیں کے جوڑوں سے متعلق کوئی مشکل پیش آنے لگے ۔کسی راڈ کی مدد سے لٹکیں: قد بڑھانے کے لیے یہ ایک سستہ اور آسان ترین طریقہ ہے، کسی بھی لوہے کی راڈ یا کسی بھی مضبوط چیر کو پکڑیں اور پر لٹک جائیں، جتنی دیر ہو سکے خود کو لٹکا کر رکھیں، دن بہ دن لٹکنے کے وقت کو بڑھائیں، لٹکنے سے قد لمبا، ریڑھ کی ہڈی اور پیٹ کے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں ۔کندھوں اور سر کے بل کھڑے ہونا:کمر کے بل زمین پر لیٹیں، اب سر اور کندھوں کو زمین پر ٹکاتے ہوئے باقی سارے جسم کو ہوا میں اُٹھا لیں، اس ورزش کے لیے ٹانگوں کو جسم کی سیدھ میں رکھنا ضروری ہے ورنہ غیر متوازن ہوکر گرنے سے کسی چوٹ کے لگنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔کوبرا یوگا: کوبرا یوگا کے لیے پیٹ کے بل زمین پر لیٹیں جائیں اور اب ہاتھ زمین پر رکھیں اور جسم کا اگلا حصہ یعنی سر اور سینہ اوپر کی جانب سے جائیں ، اس سے بازؤوں اور پیٹ کے پٹھوں پر کھنچاؤ آئے گا ، یہ ورزش کولہوں، پیٹ ، بازو اور کمر پٹھوں کے لیے بھی نہایت مفید ہے ۔وی شیپ یوگا: اس ورزش کے لیے سیدھا کھڑے ہو جائیں، اب نیچے کی جانب جھکتے ہوئے دونوں ہاتھوں سے زمین کو چھونے کی کوشش کریں، اس دوران سر اور جسم گھٹنوں کے قریب رکھیں، شروعات میں خود پر زیادہ کھنچاؤ نہ پیدا کریں، دن بہ دن زمین کو جتنا ہو سکے جھُک کر چھوئیں ۔رسی کودنا؛ رسی کودنا قد بڑھانے سمیت وزن میں کمی کا بھی سبب بنتی ہے، قد بڑھانے کے لیے رسی کودنے کو بہترین ورزش قرار دیا جاتا ہے ، کسی رسی کی مدد سے ہوا میں اُچھلیں، اس ورزش سے ہڈیاں اور پٹھے مضبوط ہوتے ہیں جبکہ وقت گزرنے کے ساتھ قد میں کسی حد تک اضافہ بھی ہوتا ہے۔تیراکی کرنا: تیراکی قد بڑھانے والی ورزشوں میں سب سے بہترین سمجھی جاتی ہے، پانی کے اندر ریڑھ کی ہڈی کے مہروں پر بوجھ بہت کم ہوتا ہے جبکہ جوڑ زیادہ کُھل کر آرام دہ حالت میں ورزش کر پاتے ہیں، جس سے قد کے بڑھنے کے عمل میں تیزی آتی ہے اور آسانی بھی پیدا ہوتی ہے۔